نعت

انتظار نعیمؔ
ستمبر 2022

بے کار ہے، عبث ہے، اہانت رسولؐ کی
ہو پائے گی نہ کم کبھی عظمت رسولؐ کی

لفظوں کی سنگ باری ہوئی کیا حضورؐ پر
کچھ اور ضوفشاں ہوئی رنگت رسولؐ کی

جو لوگ کرتے رہتے ہیں نفرت کا کاروبار
دیکھیں کبھی تھی کیسی قیادت رسولؐ کی

فتنہ کوئی بھی ختم نہ کر پائے گا اُسے
پیوست جو دلوں میں ہے چاہت رسولؐ کی

ہے ذکر اِس زمین پہ ہر آسماں پہ ہے
عظمت ہے کتنی، کیسی ہے رِفعت رسولؐ کی

اے کاش! سارے مشرق و مغرب یہ جان لیں
کیسے تھے آپؐ، کیسی تھی سیرت رسولؐ کی

اے کاش! ہو جہاں سے کدورت کا خاتمہ
ٹپکے ہر ایک دل سے عقیدت رسولؐ کی

ہے آج باغیانہ روش جن کی اے خدا
ایسا ہو کل کریں وہ اطاعت رسولؐ کی

جن و بشر پہ ہی نہیں موقوف اے نعیمؔ
یہ کائنات کرتی ہے مدحت رسولؐ کی

شیئر کیجیے

اس کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے ادارے کا تعاون فرمائیں یا پرچہ جاری کرانے کے لیے زرِ خریداری ٹرانسفر کریں۔ رقم بھیجنے کے بعد اس موبائل نمبر (+91 8595650280) پر اسکرین شاٹ ضرور ارسال کریں تاکہ آپ کو رسید بھیجی جاسکے۔ شکریہ